۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
حجت الاسلام و المسلمین قرائتی

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین استاد محسن قرائتی نے اتحاد و وحدت کی اہمیت کے متعلق قرآن کریم کی 20 آیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: تفرقہ اور اختلاف شرک کی علامت ہے؛ نہ صرف شیعہ اور سنی بلکہ میاں بیوی یا دو مسلمانوں کے درمیان تفرقہ اور اختلاف کی بھی مذمت کی گئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام و المسلمین محسن قرائتی نے مشہد مقدس، حرم امام رضا علیہ السلام میں "امت اسلامی" کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار میں جامعہ المصطفی العالمیہ کے طلاب کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: قرآن کریم میں وحدت کے موضوع پر تقریبا 20 قرآنی آیات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا: وحدت، اسلام سے پہلے بھی موجود تھی اور خداوند عالم نے اپنے اولیاء کو بھی اپنے درمیان وحدت کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: خدا اور رسول خدا کی اطاعت کے ساتھ ساتھ وحدت کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین محسن قرائتی نے کہا: اختلافات اور تفرقہ شرک کی علامت ہے۔ نہ صرف شیعہ اور سنی کے درمیان بلکہ میاں بیوی اور دو مسلمانوں کے درمیان بھی اختلافات اور تفرقہ اندازی کی مذمت کی گئی ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین قرائتی نے کہا: وحدت کا محور "حبل اللہ" ہونا چاہئے اور قرآن و اہلبیت علیہم السلام "حبل اللہ" ہیں۔

نماز کمیٹی کے سربراہ سے پوچھے گئے سوال کہ "اتحاد و وحدت کا کیا فائدہ ہے؟"، کے جواب میں انہوں نے کہا: خدا چونکہ واحد ہے اس لئے اس کی طاقت و قدرت ہے۔ اگر چند خدا ہوتے تو ان کے درمیان اختلاف ہوتا۔

انہوں نے کہا: انگلیوں کی طاقت ان کے اتحاد میں ہے۔ میاں بیوی اگر چاہتے ہیں کہ ان کے بچے لؤلو و مرجان بنیں تو انہیں آپس میں جھگڑا نہیں کرنا چاہئے۔

حجت الاسلام محسن قرائتی نے کہا: قرآن کریم بہت اچھی کتاب ہے۔ ہمیں اس بات پر رونا چاہئے کہ ہم قرآن مجید سے کیوں تمسک نہیں کرتے۔ خداوند عالم نے قرآن کے متعلق پانچ دستور ارشاد فرمائے ہیں "قرائت قرآن، حفظ قرآن (اگر آپ کا حافظہ قوی ہے)،  قرآن میں تدبر، قرآن مجید پر عمل اور دوسروں کو قرآن کی تبلیغ"۔

استاد قرائتی نے کہا: دینی طلاب کو پہلے دن سے ہی مبلغ ہونا چاہئے اور جو طلابِ دینی تبلیغ کے لیے نہیں جاتے وہ خدا کی رحمت سے دور ہیں۔

انہوں نے قرآن مجید میں تبلیغِ دین کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا: خدا وند عالم پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خطاب کرکے فرماتا ہے: "آپ فقط رحمت ہیں" اور دوسری آیت میں فرماتا ہے: "آپ فقط مبلغ ہیں" پس معلوم ہوا کہ رحمت خدا تبلیغ دین میں ہے۔ پس جو طلبہ اور علماء کرام دین کی تبلیغ کے لیے نہیں جاتے وہ خدا کی رحمت سے دور ہیں۔لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ہجرت کرکے بھی تبلیغ دین کا فریضہ انجام دیں۔

اقامۂ نماز کمیٹی کے سربراہ نے وحدت مسلمین کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا: قرآن مجید ان افراد کی تعریف کرتا ہے جن کے درمیان وحدت بہت پختہ ہے۔ یعنی الفت اور محبت بہت گہری ہونی چاہیے اور اگر تمہارے درمیان الفت گہری نہیں ہوگی تو خدا بھی آپ سے محبت نہیں کرے گا اور اگر آپ کے درمیان اتحاد و وحدت نہیں ہوگی تو آپ ذلیل و رسوا ہوں  گے۔

انہوں نے آخر میں تفسیر قرآن کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: سادہ ترین آیات سے بھی بہترین نکات نکالے جاسکتے ہیں۔ ہمیں قرآن مجید سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے حتی کہ مصائب بھی قرآن مجید سے بیان کرنے چاہئیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ہم اب تک قرآن کے نہیں ہوئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .